نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت پاکستان اور چین کی سرحد پر جدید اسلحے سے لیس سریع الحرکت فوجی دستے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ان دستوں کو اِنٹی گریٹڈ بیٹل گروپس (آئی بی جیز)کا نام دیا گیا ہے جن کے پاس بھرپور حملہ کرنے کی صلاحیت ہو گی اور یہ انتہائی تیزی سے نقل و حرکت کر سکیں گے ۔آئی بی جیز میں زمینی و فضائی دستے ، توپخانہ، ٹی90ٹینک، انجینئرز شامل ہوں گے اور انہیں حملہ کرنیوالے ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہو گی۔ہر آئی بی جی 5 ہزار اہلکاروں پر مشتمل ہو گا اور اسے میجر جنرل رینک کا افسر کمانڈ کریگا۔آئی بی جی دو طرح کے ہونگے ، ایک کو دشمن پر حملہ کرنے کی ذمہ داری سونپی جائیگی جبکہ دوسرے کو دشمن کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے ، حملے کا جواب دینے اور دیگرذمہ داریاں سونپی جائینگی۔فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی سرحد پر ان دستوں کی تعیناتی کا عمل اکتوبر تک مکمل ہو جائیگا جسکے بعد ان دستوں کو چین کی سرحد پر بھی تعینات کیا جائیگا۔دو سے تین آئی بی جیز کو مقبوضہ جموں، پنجاب اور راجستھان سے ملحقہ پاکستانی سرحد پر تعینات کیا جائیگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ مغربی کمانڈ میں ہونے والی جنگی مشقوں کے دوران ان دستوں کی صلاحیتوں کا جانچا گیا تھا جس کا فیڈ بیک مثبت رہا۔