لندن(نیٹ نیوز) پاکستانی سپرسٹار اداکارہ میرا اور ان کی فلم ’’باجی‘‘ کے لیے بھارتی اداکارہ وہدایت کار سونی رازدان نے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ہے ۔اداکارہ میرا نے برسوں تک پاکستانی فلم انڈسٹری پرتوراج کیا ہی ہے تاہم وہ بالی ووڈ میں بھی اپنی اداکاری کے جلوے دکھا چکی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میرا اوران کی فلم ’’باجی‘‘ کے لیے بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ اورمہیش بھٹ کی اہلیہ سونی رازدان نے نیک تمناؤں کا اظہارکیا ۔ سونی رازدان نے ایک انٹرویو کے دوران میرا کی اداکاری کوسراہتے ہوئے کہا کہ بحیثیت اداکارہ میرا نے کبھی ڈائریکٹر کے مشوروں کو نظرانداز نہیں کیا۔ تاہم یہ فلمی کلچر کا ایک مسئلہ رہا ہے کہ جس وقت میرا میرے ساتھ کام کرنے جارہی تھیں اس وقت پاکستانی فلم کا کلچراس سے بالکل مختلف تھا جومیں اپنی فلم میں کرنے جارہی تھی، جس سے مشکلات ہوئیں لیکن اس کے باوجود میرا نے مستقل مزاجی سے کام کیا، اور اپنی مستقل مزاجی اور لگن ہی کی وجہ سے ہی میرا آج ایک کامیاب اداکارہ ہیں۔واضح رہے کہ فلم ’’باجی‘‘ کو اداکارہ میرا کی فلم انڈسٹری میں دھماکے دار واپسی قرار دیا جارہا ہے ۔