اسلام آباد(قاسم نواز عباسی)کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر کی بیشترسرکاری جامعات میں آن لائن لرننگ سسٹم تاحال نہیں شروع کیا جا سکا۔ قائداعظم یونیورسٹی، یو ای ٹی، لمز ، نسٹ ، کامسیٹس کے سوا بیشتر سرکاری یونیورسٹیوں میں تاحال آن لائن تعلیم کے حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے جا سکے جسکی وجہ سے طلبا و طالبات شدید مایوسی کا شکار ہیں جبکہ دوسری جانب وہ طلبا جو دوردراز علاقوں میں رہتے ہیں،ان کے پاس انٹرنیٹ نہ ہونے سے آن لائن پڑھنے کی سہولت موجود نہیں ۔ایچ ای سی کے آفیشل وسیم خالق داد نے روزنامہ92نیوز سے گفتگومیں کہا کہ ایچ ای سی نے جن یونیورسٹیوں کے پاس آن لائن لرننگ سسٹم نہیں ،انکو 31مئی تک آن لائن تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے جبکہ دوردراز علاقوں کے طلبا کیلئے ایچ ای سی نے تمام موبائل ڈیٹا کمپنیوں کیساتھ بات چیت شروع کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث یونیورسٹیوں کو اگر مزید بند رکھنا پڑھا تو 31 مئی تک تمام یونیورسٹیاں آن لائن لرننگ سسٹم کے تحت تعلیم کی فراہمی شروع کر دیں گی۔