انقرہ،تہران،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) ترکی کے مشرقی علاقوں میں زلزلہ سے 9افراد جاں بحق،21زخمی ہو گئے جبکہ 43دیہات متاثر ہوئے ،ایران کے سرحدی علاقوں میں بھی زلزلہ آیا جس کی شدت 5.7ریکارڈ کی گئی۔ترک میڈیا کے مطابق ترکی کے مشرقی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، زلزلے کی گہرائی 5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ،زلزلے کے جھٹکے ترکی کے 43 دیہاتوں سمیت ایران کے سرحدی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے ہیں،مرنے والے میں 4بچے بھی شامل ہیں ، زلزلے کے باعث کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں اور لوگ ملبے تلے دب گئے ، متعدد افراد بے گھر ہو گئے ،مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے ، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔حکومت پاکستان نے ترکی اور ایران میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر دلی رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم متاثرہ خاندانوں کے دکھ کی اس گھڑی میں شریک ہی۔یورپیئن میڈیٹیرینین زلزلیاتی مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ سات تھی اور یہ زمین میں پانچ کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ ترک وزارت داخلہ کے مطابق اس زلزلے کے نتیجے میں مشرقی ترکی میں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں، دوسری جانب ایک ایرانی حکومتی عہدیدار کے مطابق زلزلے کی وجہ سے کسی ممکنہ نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ایرانی علاقے میں بھی ٹیمیں بھیجی جا چکی ہیں ان کا کہنا تھا کہ 'ایران کے کم آبادی والے مغربی صوبے آذربائیجان میں آنے والے زلزلے سے اب تک کسی بھی قسم کے نقصان یا ہلاکتوں کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔تاہم ایرانی ٹی وی ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق نقصان کا ازالہ لگانے والی ٹیم متاثرہ علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں جبکہ ترک شہر وان میں بلڈنگ گرنے کی بھی اطلاع ہے تاہم فوری طور پر کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں، خیال رہے کہ ایران اور ترکی دنیا میں سب سے زیادہ زلزلوں سے متاثر ہونے والے ممالک ہیں۔