تہران(این این آئی،آن لائن) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امر یکہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جارحیت پسند اور قابض اپنی شکست تسلیم کرکے افغانستان سے نکل جائیں۔ اپنے ایک بیان میں جواد ظریف نے کہا کہ شکست خوردہ غیر ملکی افغانستان چھوڑیں اور بھائیوں کا بھائیوں کے ہاتھوں قتل ختم کریں، خاص طور پر غیر ملکی اس صورتحال کو مزید خراب کرسکتے ہیں جس سے خونریزی کی نئی لہر آئے گی۔ ہم افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں اور زور دیتے ہیں کہ کوئی بھی امن عمل افغان عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے ۔جواد ظریف نے خبردار کیا کہ غیر ملکی اور جارحیت پسند افغانستان میں اس نئی صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس سے قتل و غارت گری کی ایک نئی لہر شروع ہوگی۔ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کا قتل عام روکنے اور معاہدے کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے ایران افغانستان میں موجود تمام جنگی فریقین کے ساتھ مشاورت اور بات چیت کے عمل کا حصہ بننے کیلئے تیار ہے ۔