اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92نیوزرپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ عمران خان پر عدم اعتماد دیوانے کا خواب ہے ، چینی ایکسپورٹ ہوئی ہے یا نہیں، اصل حقائق 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ میں منظرعام پر آئیں گے ۔ جہانگیر ترین تحریک انصاف کی اہم شخصیت ہیں، ان کا انتخابات اور پارٹی کے تنظیمی معاملات میں بڑا عمل دخل ہے ۔میں نہیں سمجھتا جہانگیر ترین اور عمران خان میں فاصلے بڑھ جائیں گے ۔ تھوڑی سی اونچ نیچ ہوئی ہے ،جہانگیر ترین کومشورہ ہے وہ پی ٹی آئی سے وابستہ رہیں۔ 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ختم کرنے کے امکانات کم ہیں۔گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے کسی کو نہیں نکالا، صرف ایڈجسٹ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس سے بچائوکیلئے اقدامات کررہے ہیں ۔ مغل پورہ ورکشاپ کو 12 اپریل تک بند کردیا ہے ، ورکشاپ میں 10 ہزارمزدورکام کرتے ہیں، کیرج فیکٹری سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کو چھٹی دے دی ہے تاہم ریلوے ملازمین کی تنخواہوں،پنشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہاریلوے کو ہر ہفتے ایک ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے ، وزیر اعظم ،مشیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ریلویز کو ریلیف دیں گے ۔