اسلا م آباد ،لاہور،قصور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ ، بیورورپورٹ،سپورٹس ڈیسک، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید16افراد جاں بحق ہو گئے ،گزشتہ 3 ماہ کے دوران ایک روز میں کورونا سے جاں بحق ہونیوالوں کی یہ سب سے کم تعداد ہے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد12617ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1160نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد572334ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد24226ہو گئی،1605مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل535491صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید4مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ474نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5208ہوگئی ۔ لاہورمیں 335، فیصل آباد 40اور شیخوپورہ میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ تازہ رپورٹ کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرہ 133318 مریض صحتیاب ہوکر گھر وں کو جا چکے ہیں۔ادھرگورنمنٹ گرلز ہائی سکول مصطفیٰ آباد کی ٹیچرکا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر طالبات کو چھٹی دیکر سکول 2روز کیلئے بند کر دیا گیا۔ نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا میں مبتلامزید2مریض جاں بحق ہوگئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں24لاکھ80ہزارسے زائد ہو گئیں۔سری لنکا کرکٹ بورڈ نے بتایا ہے کہ فاسٹ باؤلر لہیرو کمارا ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز سے قبل کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ برطانیہ نے کورونا کے باعث عائد پابندیوں میں مرحلہ وار نرمی کرنیکااعلان کردیا۔ برطانوی وزیرا عظم بورس جانسن نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہاکہ 8 مارچ سے برطانیہ میں تمام سکول کھل جائینگے ۔21جون تک لاک ڈائون کی تمام پا بندیاں ختم کردی جائینگی۔لاک ڈائون چارمرحلوں میں ختم کیاجائیگا۔ 8مارچ سے آئوٹ ڈور سرگرمیوں کی بھی اجازت ہوگی، عوامی مقامات پر 2افرادمل کرپکنک کرسکیں گے جبکہ 29مارچ سے 2گھرانوں کے 6 ا فراد گھر سے باہر ملاقات کرسکیں گے ، ٹینس ، گالف کورس اورفٹ بال گرائونڈ کھل جائینگے ،لوگ اپنے علاقوں سے باہر جاسکیں گے ۔17مئی سے پب ، ریسٹورنٹس اورسینما کھل جائینگے ۔ادھرصدر جوبائیڈن نے کورونا سے 5 لاکھ سے زائد امریکیوں کی ہلاکت پر قومی پرچم سرنگوں کرنے کے احکامات دیدیئے ۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن مرنیوالوں کی یاد میں تقریب سے خطاب بھی کرینگے ۔