لاہور(قاضی ندیم اقبال)جرمنی گڈ گورننس،کلین انرجی ،پائیدارمعیشت اور دیگر پروگزامز کیلئے پنجاب کو 10کروڑڈالر سے زائد کے فنڈزفراہم کریگا۔ معتبر ذرائع کے مطابق 11سے 12ستمبر تک جرمنی کے شہر برلن میں ہونیوالی گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ کانفرنس میں حکومت پاکستان کے 6 رکنی وفدنے وفاقی سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن کی سربراہی میں شرکت کی ۔کانفرنس میں چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب الرحمٰن گیلانی نے صوبائی حکومت کے مستقبل کے اہداف اور مختلف حوالوں سے پنجاب میں براہ راست سرمایہ کاری کے مثبت اثرات کی بابت بریفنگ دی۔ جس کے تناظر میں جرمن حکومت اور پنجاب حکومت اقتصادی تعاون بڑھانے پر متفق ہوگئیں جبکہ جرمن حکومت نے ابتدائی طور پر پنجاب حکومت کو ایک سے زائد شعبوں میں(107.1ملین امریکن ڈالر)/17ارب12کروڑ روپے سے زائد فنڈز فراہم کرنے کا معاہدہ کر لیا۔جرمنی کے شہر برلن میں وفاقی سیکرٹری اکناک افیئرز ڈویژن نے معاہدہ پر حکومت پاکستان کی جانب سے دستخط کر دیئے ۔ مذکورہ فنڈز 4 مختلف مدات میں خرچ کئے جائینگے جن میں سے صوبہ میں گڈ گورننس کے 5پروگرامز پر 7ارب20کروڑ روپے ، کلین انرجی کے 3 پروگرامز پر6ارب روپے ، سسٹین ایبل اکانومی کے 3 پروگرامز پر 3ارب60کروڑ روپے جبکہ مختلف حوالوں سے سٹڈیز کی مد میں 24کروڑ روپے خرچ کئے جائینگے ۔ جی ٹو جی کانفرنس میں شرکت کرنیوالے پاکستانی وفد نے اپنی رپورٹ باضابطہ طور پر اعلیٰ حکام کو پیش کر دی ہے ۔