اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، مانٹیرنگ ڈیسک) کرنسی سمگلنگ کیس کے بعد جعلی اکاؤنٹس کے معاملے میں بھی ماڈل ایان علی کا نام سامنے آ گیا۔ احسان صادق کی سربراہی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے جعلی اکاؤنٹس کے ایان علی سے تعلق کا سراغ لگایا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایک جعلی اکاؤنٹ سے ایان علی کے اکاؤنٹ میں رقوم کی منتقلی ہوئی جس کے دستاویزی ثبوت بھی حاصل کر لئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس بارے میں ایف آئی اے کے سربراہ بشیر میمن کو بھی مطلع کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایان علی کے غیر ملکی سفر کیلئے ٹکٹس بھی انہی جعلی اکاؤنٹس سے بنتے رہے ۔ ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایان علی کے اکاؤنٹ میں جعلی اکاؤنٹس سے پیسوں کی ٹرانزیکشنز ہوتی رہی ہیں۔ ایف آئی اے نے تازہ شواہد ملنے کے بعد ایان علی کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے ۔