لاہور( سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا پر سیاست کی بجائے خدمت خلق کیلئے میدان میں نکلا جائے ۔ عوام نمائندے اور سیاستدان جس طرح الیکشن میں ووٹ کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے ہیں۔قوم پر اس مشکل گھڑی میں باہر نکلیں اورشہریوں کو کرونا وائرس کی وبا سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام شہر کے 30 مقامات پر کورونا ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں دیہاڑی دار ، مزدور اور مستحق افراد کو فری راشن کی فراہمی کی جائے گی اور گلی محلوں کی سطح پر الخدمت کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام علاقوں کی سطح بننے والے کورونا بچاو الخدمت سینٹرز اور کورونا ریلیف کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ذکر اﷲ مجاہد نے کہا کہ حکومت کی طرف سے غریب اور دیہاڑی دار افراد کیلئے ریلیف پیکج اور پیٹرولیم مصنوعات میں کمی آٹے میں نمک کے برابر ہے ۔ کورونا وبا کی وجہ سے شہر لاہور سمیت ملک بھر میں پیدا ہونے صورتحال اور مہنگائی میں اضافہ تشویشناک ہے ۔