لاہور(سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں جمعۃ الوداع اوریوم القدس منایاگیا۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی،سلامتی اور کرونا وائرس سے بچاؤکیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت میں بادشاہی مسجد، داتا دربار، مسجد شہدا،جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامعہ رحمانیہ،منصورہ اور دیگر مساجد میں بڑے اجتماعات ہوئے جن میں روزہ دار رمضان المبارک کی پْرکیف ساعتوں کی رخصتی کے خیال سے آبدیدہ ہوگئے ۔جمعۃ المبارک کودنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القدس منایا گیا۔ نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس کی اپیل پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں مظلوم فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت اور عالمی برادری کی خاموشی کی بھرپور مذمت کی گئی۔ لاہور میں مرکزی ریلی نماز جمعہ کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی کی قیادت میں ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک نکالی گئی۔ شہر کے دیگر مقامات سے بھی اسرائیل کی مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن میں مردو، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے حالت روزہ میں شرکت کرکے فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ یوم القدس کے سلسلہ میں دوسری بڑی ریلی علامہ سید سبطین حیدرسبزواری کی قیادت میں بھی نکالی گئی۔ کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے بعد ملک بھر کی تمام بڑی مساجد کو جمعۃ الوداع کے موقع پر کھول دیا گیا، نمازیوں کی بڑی تعداد نے مساجد کا رخ کیا، مساجد میں بھی جمعتہ الوداع کی ادائیگی بھرپور طریقے سے کی گئی،ایس اوپیز کے تحت نمازیوں کو مساجدمیں داخلے کی اجازت دی گئی، مساجد کھولنے کے فیصلے سے نمازی بہت خوش نظر آئے ۔ملک و قوم کی سلامتی اور کورونا جیسے موذی مرض سے چھٹکارے کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔