لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے دعوے نہیں عملی اقدامات کریں گے اوروزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے سفر میں ساتھ لیکر چلیں گے ،جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کریں گے اور جنوبی پنجاب کے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں بہتری لاکر حقیقی تبدیلی لائیں گے ۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری سے ملاقات میں وزیراعلیٰ نے کہا ترقی پنجاب کے ہر شہر اور ہر قصبے کا حق ہے ۔ پسماندہ علاقوں کے محروم عوام کی ضروریات کا پورا اندازہ ہے ،ماضی میں صرف بلند و بانگ دعوے کئے گئے ، عملی طو رپر کارکردگی صفر رہی اورپنجاب کے دور دراز علاقوں کو نظر انداز کر کے زیادتی کی گئی ۔ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں تعلیم اور صحت سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی، سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے ذریعے مواصلاتی رابطے بہتر بنائے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (DFID ) کی پاکستان میں سربراہ جوانا ریڈ(Ms۔Joanna Reid) نے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اور ڈیفڈ کے مابین سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے جاری پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سماجی شعبہ کی پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے ،تعلیم،صحت ، سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں بہتری لانا وقت کا تقاضا ہے ،انہوں نے کہا کہ ہیومن ڈویلپمنٹ پر اخراجات پاکستان کے روشن مستقبل پر سرمایہ کاری ہے اورنئے پاکستان میں ہم نے عوام کومعیاری سہولتیں دے کر ان کا حق واپس کرنا ہے ۔ دریں اثنا و زیراعلیٰ پنجاب نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور ای مرکز کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹیکنالوجی پارک میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور سٹیزن کال سینٹر، میٹرو بس کنٹرول روم، مرکزی ڈیٹا سینٹر، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ڈیٹا روم اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے محکموں اور اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کرے گی، لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت اراضی سینٹرز کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ، وزیراعلیٰ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کے والدین اور اساتذہ بھی مبارک باد کے مستحق ہیں ۔