لاہور(بابر علی) پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے 11اضلاع کے 4630دیہات میں بنیادی سہو لتیں فراہم کرنے کافیصلہ کرلیا، 3ارب 8کروڑ 65لاکھ 64ہزار روپے ما لیت کا پی سی ون تیار کر کے منظوری کیلئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ارسال کر دیا گیا۔پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کے لئے ’واش پروگرام‘ شروع کر نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس مد میں محکمہ ہائو سنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئر نگ پنجاب نے 3ارب 8کروڑ 65لاکھ 64ہزار روپے ما لیت کا پی سی ون تیار کر کے منظوری کے لئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ارسال کر دیا ہے ۔ منصوبہ کے تحت دیہاتوں میں صاف پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم کی بہتری، نالوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے مناسب انتظامات ، بیت الخلائوں کی تعمیر ، سکولوں میں تعلیم اور صحت مراکز میں طبی سہولیات کی فراہمی، دیہاتوں میں آگاہی مہم چلانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ منصوبہ کے تحت جنوبی پنجاب کے 11اضلاع کے 4630دیہاتوں میں سہو لیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 25ماڈل دیہات کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، جن میں رحیم یار خان کے 2، بہاولنگر کے 3، بہاولپور 2، ملتان 2، خانیوال 3، وہاڑی 2، لودھراں 2، مظفر گڑھ 2، ڈیرہ غازی خان 3، لیہ 2اور راجن پور کے 2دیہا ت شامل ہیں ۔ منصوبہ کی تکمیل کے لئے ورلڈ بینک نے بھی 1کروڑ امریکی ڈالرز کی معاونت کر نے کی یقین دہا نی کروائی ہے ۔محکمہ ہائو سنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئر نگ پنجاب کے اس منصوبہ میں محکمہ تعلیم ، محکمہ صحت، محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ بلدیات اور صا ف کمپنی کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ منصوبہ پر عمل درآمد کے لئے ایک سٹیئرنگ کمیٹی اور ہر ضلع میں کو آرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔