کراچی ،لاہور(کلچرل رپورٹرز) اداکارجنید خان پہلی بار منشا پاشا کے مد مقابل بڑی سکرین پر جلوہ گر ہوں گے ۔ پاکستان کے معروف اور مقبول ترین اداکار اور گلوکار جنید خان نے بڑی سکرین پر نظر آنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، وہ بہت جلد فیچر فلم’’ کہے دل جدھر‘‘میں لال کبوتر سے شہرت پانے والی معروف اداکارہ منشا پاشا کے مد مقابل مرکزی کردار میں نظر آئیں گے ۔ فلم کی ہدایات معروف ٹی دی ڈائریکٹر جلال رومی نے دی ہیں جبکہ پیش کش فلم میں اداکاری کرنے والے کامران باری کی ہے ۔معروف اداکار ساجد حسن کو بھی ناظرین فلم میں دکھائی دیں گے ۔ فلم سے متعلق بات کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ فلم کی کہانی معاشرے میں موجود بیماریوں سے متعلق ہے ۔ فلم میں میرا کردار ایک پولیس اہلکار کا ہے ، جنید خان نے کہا کہ مجھے میری فلم بن روئے سے قبل بھی کئی فلموں میں کام کرنے کی آفر ہوچکی تھی مگر حقیقت میں مجھے ایک اچھی ٹیم اور اسکرپٹ کی تلاش تھی جو اب پوری ہوئی ہے ۔