کراچی(کلچرل رپورٹر) سہیل جاویدکی ہدایت کاری میں بننے والی پروموشنل گانے کی ویڈیو’’ تلے والی جوتی‘‘ نے تہلکہ مچادیا، ویڈیو کوچند ہی دن میں یوٹیوب پر 8 لاکھ سے زائد ویوزحاصل ہوگئے ، یہ ویڈیو عید الضحی پر ریلیز ہونے والی فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی 2 ‘‘کے پروموشنل گانے پر مبنی ہے ، فلم کو مشہور مزاحیہ ڈرامہ و فلم نگار واسع چوہدری نے لکھا ہے جبکہ فلم کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں ۔ گانے کے بول احمد علی بٹ نے لکھے ہیں جس پر عارف لوہار ، احمد علی بٹ اور فضا اسلم نے آواز کا جادو جگایا ہے ،گانے کی موسیقی کو حاصل قریشی نے ترتیب دیا جبکہ اس کی ویڈیو کی ہدایات کے فرائض سہیل جاوید نے انجام دئیے ۔اس گانے کو پاکستان کے صف اول کے فنکاروں پر فلمایا گیا ہے جن میں ہمایوں سعید،کبرہ خان، فہد مصطفی، ماورہ حسین،احمد علی بٹ، ثروت گیلانی، عظمی خان،عمر شہزاد اورعارف لوہار شامل ہیں۔ویڈیو کی کامیابی پر اس کے ہدایت کارسہیل جاوید نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو پر کام کرنے کا تجربہ بے حدخوشگوار رہا، یہ ویڈیو پاکستانی میوزک کی دنیا میں نئے رجحان اور معیار ی ہدایت کاری کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔