اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) جولائی 2018ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی قومی برآمدات میں 1.4 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2018ء کے دوران شعبہ کی برآمدات 405 ملین ڈالر رہی ہیں۔ پی بی ایس کے مطابق خدمات کا شعبہ کسی بھی معیشت کی ترقی میں اہم کردار کا حامل شعبہ ہے اور مالی سال 2005-06ء کے دوران مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں شعبہ کا حصہ 56 فیصد تھا جو مالی سال 2017-18ء کے دوران 59 فیصد تک بڑھا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق دوسری جانب جولائی 2018ء کے خدمات کے شعبہ کی درآمدات 902.78 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جو جولائی 2017ء کے دوران 890.37 ملین ڈالر رہی تھیں۔ اس طرح جولائی 2017ء کے مقابلہ میں جولائی 2018ء کے دوران خدمات کی درآمدات میں 1.39 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔