لاہور(حافظ فیض احمد) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو یہ سمجھتا ہے کہ عمران خان بے خبر ہے اصل میں اس کو خود کوئی خبر نہیں ،وزیراعظم عمران خان ہی ملک کو بحران سے نکالیں گے اور وہ اس کے لئے دن رات کام بڑی ایمانداری سے کام کر رہے ہیں۔روزنامہ 92نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت کراچی تا پشاور ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ ایم ایل ون پر اسی سال کام شروع کر دیا جائے گا، جس کے تحت 160کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ترین ٹرینیں چلائی جائیں گی، ریلوے پھاٹک اور کراسنگ کو ختم کیا جائے گا اور ان کی جگہ اوور بریج اور انڈر پاسز بنائے جائیں گے ، خواجہ سعد رفیق کے دور میں انجن مہنگے داموں خریدے گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ریلوے میں ہم نے گزشتہ سال کی نسبت 5 ارب روپے زیا دہ کمائے ،30 ٹرینیں چلائی گئی ہیں، لاہور اور کراچی کے درمیان فریٹ ٹرینوں کی تعداد بڑھائی گئی ہے ۔ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کر نے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر کے کروڑوں روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ریلوے میں بھرتی کا عمل میرٹ پر جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو نے سے ریلوے پر ایک روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑا ۔اس کے باوجود ہم نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا، قبضہ گروپوں سے ریلوے کی زمین واگزار کرانے کا عمل بھی جاری ہے ۔