نیویارک( نیٹ نیوز) 2020 کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں اربوں افراد کے لیے مالی مشکلات بڑھانے کا باعث بنی، مگر اس سال میں ارب پتی افراد کی تعداد میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔امریکی جریدے فوربز نے ارب پتی افراد کی سالانہ فہرست جاری کی ہے جس میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوس مسلسل چوتھے سال بھی دنیا کے امیر ترین شخص قرار پائے ۔ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو ایلون مسک دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص قرار پائے جو 2020 کی فہرست میں 31 ویں نمبر پر تھے ۔حیران کن طور پر بل گیٹس طویل عرصے بعد دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں ٹاپ 3 میں شامل نہیں بلکہ وہ چوتھے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ ایل وی ایم ایچ نامی کمپنی کے مالک برنارڈ آرنالٹ تیسرے ،مارک زکربرگ دنیا کے 5 ویں امیر ترین شخص رہے ۔فوربز کے مطابق 2020 کے دوران ریکارڈ 493 افراد ارب پتی بننے میں کامیاب ہوئے یعنی اوسطاً ہر 17 گھنٹے میں ایک فرد ارب پتی بننے میں کامیاب ہوا۔ معروف امریکی رئیلٹی سٹار کم کارڈیشین، ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک اور دنیا کے کم عمر 18 سالہ کیون ڈیون لیہمن اس فہرست کا نیا اضافہ ہیں۔