سرینگر (این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ حریت قیادت نے ہفتہ کو یو م شہدائے کشمیر کے موقع پر مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں13 جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اس روز مزار شہداء نقشبند صاحب سرینگر کی طرف مارچ کی بھی اپیل کی ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق نماز ظہر کے بعد جامع مسجد سرینگر سے مزار شہداء تک ایک مارچ کی قیادت کریں گے ۔ ہڑتال کا مقصد کشمیری عوام اور حریت رہنمائوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ بندکرانے پر زوردینا بھی ہے ۔13 جولائی 1931کوڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے سرینگر سینٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے 22کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا ۔ تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں13 جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔