کراچی (عمران شیخ) نواسہ رسولﷺ پیارے امام حسین ؓ نے پورے خاندان کو اپنے نانا کے دین کیلئے قربان کردیا، حضورﷺ کے لاڈلے نواسے ؓ نے دین کو بچانے کیلئے یزید کی فوج کا مردانہ وار مقابلہ کیا ،یہ عشق خدا کا ایسا نمونہ ہے جس پر عمل سے معاشرے میں عدل اور انصاف،اخوت بھائی چارگی قائم کر سکتے ہیں،کربلا کے میدان میں نظام شریعت کے تحفظ کیلئے عظیم قربانی پر قیامت تک خراج عقیدت پیش کیاجاتا رہے گا،محرم الحرام کی حرمت کوتسلیم کرتے ہوئے فنون لطیفہ سے وابستہ تمام لوگ اپنی ثقافتی سرگرمیاں ترک کردیتے ہیں ، آج یوم عاشور مذہبی عقیدت سے منایاجارہاہے ، اس حوالے سے نامورفنکاروں نے اپنے اپنے خیالات کااظہارکیا۔ اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں حق کیلئے قربانی دینے کاسبق دیتاہے ، ان کی طرز زندگی کواپنانا اپنی زندگی پر احسان کرنا ہے ۔اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ امام حسین ؓو شہدائے کربلا نے دین کی بقا کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دنیا بھر کو تا قیامت حق پر ڈٹ جانے کا درس دیا ہے ۔ ادکارہ نیلم منیر نے کہا کہ امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کے نتیجے میں آج دین زندہ ہے ۔ اداکار مصطفی قریشی نے کہا کہ امام حسینؓ نے کربلا میں با طل طا قت کا مقابلہ کیا۔ اداکار عمرشریف نے کہا کہ شہدائے کربلا کا درسِ انقلاب ہے حق کی سر بلندی کیلئے باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جاناہے ۔