اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ میں ان بہت سارے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو گزشتہ 2 روز سے میری حمایت کر رہے ہیں۔وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے والے اسد عمر نے ٹوئٹر پر اپنے سپورٹرز کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے لوگوں کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا لاکھوں بے مثال، پر جوش اور نظریاتی لوگ ہی اس تحریک کے محافظ ہیں ، آپ سب کا جذبہ ہی عمران خان اور ان کی ٹیم میں توانائی پیدا کرتا ہے ۔کراچی پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا میں وفاقی دارالحکومت سے تعلق نہیں توڑ رہا، بطور قومی اسمبلی رکن اسلام آباد آنا جانا لگا رہے گا تاہم وزارت چھوڑنے پر پرسکون ہوں۔انہوں نے کہا جتنا ضروری ہوا اسلام آباد جائوں گا، باقی وقت کراچی میں رہوں گا۔