لاہور(گوہر علی) زیر حراست اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا نام پبلک اکائونٹس کمیٹی(ٹو) ، استحقاق کمیٹی سمیت مختلف کمیٹیوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ،کمیٹیوں میں حمزہ شہباز کی شمولیت کے بعد وہ کسی بھی کمیٹی کے اجلاس میں پروڈکشن آرڈر پر شریک ہوسکیں گے ۔ موجودہ حکومت کے دور میں پنجاب اسمبلی کے قواعد وضوابط میں ترمیم کی گئی جس کے مطابق سٹینڈنگ کمیٹی کے کسی بھی اجلاس میں شرکت کے لئے سپیکر زیر حراست رکن کے پروڈکشن آڈر جاری کرسکتا ہے ،ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی تین میں سے دو پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کا ابھی تک قیام عمل میں نہیں آیا لیکن کمیٹی(ٹو) قائم کردی گئی ۔اب مسلم لیگ (ن) پی اے سی(ٹو) کے کسی رکن سے استعفی لے کر اس کی جگہ حمزہ شہباز کا نام دے گی،اس سے قبل سلمان رفیق کو بھی کئی کمیٹیوں میں شامل کیا گیا۔