لاہور،لندن،اسلام آباد(نمائندہ خصوصی سے ،خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز ) مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت انتقام میں اندھی،گونگی اور بہری ہوچکی ہے جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ن لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری پر تحریک انصاف کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ فکر نہ کروتمہارا یوم حساب بھی قریب ہے ۔گزشتہ روز شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں پارٹی رہنما انجینئر امیر مقام کے صاحبزادے اور کزن کی گرفتاری کی مذمت کی اور وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نیازی صاحب !بڑوں سے سیاسی مخالفتوں کا انتقام بچوں سے لینا کم ظرفی کی انتہا ہے ۔ دریں اثنا مریم نواز نے ٹوئٹر پر پیغام میں مزید کہا کہ ہمارے خلاف تو کچھ نہیں نکلا ، تمہارے خلاف تو انبار لگے پڑے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کے ہاتھوں امیر مقام کے بیٹے کی گرفتاری سیاسی مخالفین کے ایماپر کی گئی اور ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے جبکہ پشاور میٹر ومیں اربوں روپے کی کرپشن کسی کو نظر نہیں آتی ۔ دریں اثنا پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے اپنے جاری کردہ بیان میں امیرمقام کے صاحبزادے اور کزن کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کھلنڈرے نیازی کا خیال ہے کہ گرفتاریاں ن لیگی شیروں کو خوفزدہ کردیں گی ۔سلیکٹڈ وزیراعظم انتقامی سیاست کو اگلی نسلوں تک نہ لیجائیں۔ اب اس اندھیر نگری اور چوپٹ راج کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ،حکومت ململ طور پر فیل ہو چکی ہے ۔ادھراسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنمائوںشاہد خاقان، مریم اورنگزیب اور دیگر نے کہا کہ ملک کے سیاسی انتقام میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے ، پہلے نیب تھا اب ایف آئی اے بھی سامنے آئی ہے ، حکومتی ادارے سیاسی انتقام کیلئے استعمال ہورہے ہیں، حکومت سے مل جائیں تو چوری معاف ہو جاتی ہے ، امیر مقام کے بیٹے کی کمپنی پر جو الزام لگا وہ 3 کروڑ سے کم ہے ، ایف آئی اے کہہ رہی ہے کہ 3 کروڑ روپے کا کام غلط ہوا، کام غلط ہونا کرپشن نہیں ، یہ تو ایک ارب روپے کا ٹھیکا تھا لیکن پشاور کا بی آر ٹی منصوبہ 40 ارب روپے سے 100 ارب پر پہنچ گیا، کیا یہ کرپشن نہیں؟۔ اگر کسی منصوبے میں کرپشن ہے تو وہ بی آر ٹی میں ہے ۔