لاہور( این این آئی) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت تاجروں کو نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں درپیش دیرینہ مسائل سے آگاہی حاصل کرکے انہیں حل کرے ،دستیاب سرکاری اراضی پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے مجوزہ منصوے کو عملی شکل دی جائے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بڑے صنعتکاروں اور ایکسپورٹرز کے لئے راتوں رات پالیسی آ جاتی ہے تاہم تاجروں کے مفاد میں پالیسی آنا تو درکنار ان کے دیرینہ مسائل بھی حل نہیں ہوتے ۔تاجر طبقہ دوہرے ٹیکسز اورمہنگے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کر نے کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے لیکن انہیں کسی طرح کی سہولیات اور مراعات حاصل نہیں۔ تاجروں کو نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں درپیش دیرینہ مسائل سے آگاہی حاصل کر کے حل کرایاجائے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے تاجروں کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے اس لئے مطالبہ ہے کہ دستیاب سرکاری اراضی پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے کو عملی شکل دی جائے ۔