لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے پروگراموں پر عمل پیرا ہے ۔حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں غربت،جہالت اوربے روزگاری کے خاتمے کے لئے ہر محاذ پر عوام کی جنگ لڑرہی ہے ۔عمران خان درد دل رکھنے والے عظیم لیڈر ہیں اور ان سے زیادہ غریب کی مشکلات کا احساس کسی اور کو نہیں ہو سکتا۔صوبے بھر میں قائم 309رمضان بازار عام آدمی کو ریلیف فراہم کررہے ہیں۔20رمضان کے بعد یہ رمضان بازار عید رمضان بازاروں میں بدل جائیں گے جہاں عید کے موقع پر استعمال ہونے والی اشیا بھی رعائتی نرخوں پر ملیں گی۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے کیمپ آفس میں لوگوں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمران جہاں قومی معیشت کی بربادی کے ذمہ دار ہیں وہیں ان کی کرپشن اور وسائل کی لوٹ مار سے قومی ادارے تباہ ہوئے ۔ملک کی آئندہ نسلیں بھی قرضوں میں ڈوبی،ملک غربت،جہالت اور بے روزگاری جیسے مسائل کا شکار ہوا۔سابق حکمرانوں کی کرپشن اور ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث جو تباہی آئی اسی بنا پر حکومت کو آج مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔