اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے مشیروزیراعظم برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اوروزیرمملکت وچیئرمین کشمیرکمیٹی شہریارآفریدی نے گزشتہ روز علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ڈاکٹربابراعوان نے سپیکر اسد قیصر سے ملاقات میں قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سپیکر نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ نے بجٹ اجلاس کے دوران جس نظم و نسق کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے ۔ موجودہ حالات میں اراکین کا اتنی بڑی تعداد میں بحث میں حصہ لیناغیر معمولی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ پر عمومی بحث کیلئے 40گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا تھاتاہم بحث 57 گھنٹے 9 منٹ ہوئی۔بجٹ اجلاس میں حکومت کے مقابلہ میں اپوزیشن کو زیادہ وقت دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے ۔سپیکراسدقیصراور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی کی ملاقات میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کو مزید فعال بنانے پر غور،قبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کو فعال بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکرنے کہاکہ نہتے کشمیریوں پر جو ظلم جاری ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج کا 3سالہ نواسے کے سامنے نانا کو شہید کرنا ظلم و بربریت کی انتہا ہے ۔پارلیمانی کشمیر کمیٹی دنیا کے سامنے بھارت کے اصلی چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے ۔