لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما مرتضی جاوید عباسی نے 92 نیوز کے پروگرام’’ دی لاسٹ آور‘‘ میں کہا ہے کہ نیب کے نوٹس کے حوالے سے ایک دو روز میں ہماری پارٹی پوزیشن واضح کردے گی۔وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی مشاور ت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے خلاف تحریک چلانے کیلئے ہماری قیادت تقریباً تیارہے ۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے جعلی وصیت کے ذریعے پارٹی کی چیئرمین شپ لی۔ بلاول اپنے نام کے ساتھ بھٹو لکھوانے سے بھٹو نہیں بن جائیں گے یہ زرداری کے بیٹے ہیں ۔نوازشریف نے تحریک انصاف کا کیا علاج کرنا ہے انہیں کوئی حمایت حاصل نہیں ۔ماہر امورکشمیر اور سربراہ جوانان پاکستان عبداللہ حمید گل نے کہا کہ بھارت کا سارا کام جھوٹ بولناہے ۔ سنیئر صحافی رانا عظیم نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد یہ باتیں کررہے ہیں توپھر انہیں کچھ حاصل نہیں ہوگا، انہوں نے کہاکہ مسعود اظہر کا تو کوئی بھانجا ہی نہیں تھا یہ بھارتی میڈیا کی ایک پلاننگ تھی جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔میں یہ واضح طورپر کہہ رہاہوں کہ اس سال کے اندر کشمیر کا رزلٹ نکل آئے گا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ 92نیوز رفیق مغل نے کہا کہ رانا سلیم گوجرانوالہ کا رہائشی ہے جس کی بھارتی میڈیا نے تصاویر لگا کر کہا کہ یہ جیش محمد کے مولانا مسعود اظہرکا بھانجا ہے ۔بیوروچیف اسلام آباد سہیل اقبال بھٹی نے کہا ہے کہ جمہوری وطن پارٹی کو رقم کی ادائیگی کامعاملہ نیا رخ اختیارکرگیا ۔او جی ڈی سی ایل غلط چیک بنانے کی ذمہ دار ہے اس کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوگی، اطلاعات ہیں کہ ایک اورچیک جاری کردیا گیا جو آئندہ چند روز میں کیش ہوجائے گا۔نمائندہ کراچی وحید راجپر نے بتایا کہ کراچی میں ایک ہزار چاسو ایکڑ زمین کی جعلی الاٹمنٹ کا انکشاف ہوا ہے ، اس میں سیاستدانوں کے پہلے بھی نام آئے تھے ان کے فرنٹ مین کی تعداد 49 ہے اس کو نیب پکڑے گا تو بڑے بڑے نام سامنے آئیں گے ۔