اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن لیڈرشہبازشریف سے انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل میں تعاون مانگ لیا۔ سپیکر اسد قیصر نے شہبازشریف کو خط لکھ کر پارلیمانی کمیٹی کیلئے ن لیگ سے ارکان کے نام مانگے ۔ذرائع سپیکر آفس کے مطابق سپیکر کا خط اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو جیل میں موصول ہوا۔سپیکر کو اپوزیشن لیڈر کے جواب کا انتظار ہے ۔ پارلیمانی کمیٹی کیلئے حکومتی اور اتحادیوں کے نام موصول ہو چکے ، اپوزیشن اراکین کے نام ابھی تک نہیں ملے ۔ادھر سپیکراسد قیصر نے ایمل ولی خان کو ٹیلیفون کیا اور اسفند یار ولی کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اسفند یار ولی کی مکمل صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ادھرسپیکر اسد قیصر سے ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل نے ملاقات کی اوردورہ افغانستان اور بلوچستان کے امورپر تبادلہ خیال کیا ۔اسدقیصر آج بروز جمعرات کو 9 رکنی پارلیمانی وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر افغانستان روانہ ہونگے ۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق دورے کے دوران سپیکر قومی اسمبلی اپنے افعان ہم منصب میر رحمان رحمانی، چیئرمین افعان مفاہمتی کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ، وزیر تجارت، وزیر خارجہ سمیت اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے ۔