لاہور،پشاور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبر نگار ، سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا میں24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے مزید 30افراد متاثر ہوئے جس سے صوبہ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار 828 تک پہنچ گئی۔علاوہ ازیں پشاور ہائیکورٹ نے ڈینگی سے متعلق کیس میں آئندہ سماعت پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو طلب کرلیا، سماعت کے موقع پر ڈی جی ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنراور ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے ، ڈی جی ہیلتھ نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں 6 ہزار 803ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جس پر جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ پشاور میں اب تو کمی آئی ہے ، آئندہ سال کے لئے کیا اقدامات کئے جارہے ہیں ؟ جس پر ڈی جی ہیلتھ نے جواب دیا کہ آئندہ سال خطرہ زیادہ ہے اس کے لئے اقدامات کررہے ہیں، فاضل عدالت نے کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی ۔ ادھر ضلعی انتظامیہ لاہور نے انسداد ڈینگی کی گزشتہ روز کی رپورٹ جاری کردی ہیں۔14165 گھروں کو چیک کیا گیا اور7380 سپاٹس کو وزٹ کیا گیااور75 لاروا کی نشاندہی پائی گئی۔03 افراد کیخلاف ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مقدمات کا اندراج کروایا گیا۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں و آگاہی جاری ہے ۔