کراچی (کامرس رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف اہلیت کے حامل افراد کی مالی شمولیت پر گول میز مباحثے کیلئے بینک دولت پاکستان کا دورہ کیا، جس کی میزبانی گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کی۔ گورنر سٹیٹ نے صدر مملکت کو خصوصی افراد کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ ہاتھوں اور ٹانگوں کی محرومی سے دو چار افراد کو مہیا کی جانے والی سہولتوں کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، جن میں ترجیحی برتاؤ، قطار میں نہ لگنے کی سہولت، وہیل چیئر والوں کیلئے موجودہ برانچوں اور اے ٹی ایم کیبنز کے دروازے پر ریمپ کی تعمیر، اکاؤنٹ کھولنے کیلئے بائیو میٹرک تصدیق کی شرط میں نرمی اور سٹیٹ بینک میں سہولتی ڈیسک کا قیام شامل ہے ۔ صدر مملکت نے اقدامات اور پیشرفت کیلئے گورنر سٹیٹ بینک کے تجویز کردہ لائحہ عمل کی تعریف کی، انہوں نے بینکاری شعبے پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے اس طبقے اور خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے منصوبے لائیں، ان کی تربیت اور استعدادکاری میں کردار ادا کریں۔علاوہ ازیں صدر نے جمعہ کو کراچی میں ایک فاسٹ فوڈ چین کا دورہ کیا، جسے قوت گویائی اور سماعت سے محروم بچے چلارہے ہیں۔ صدر مملکت نے ان بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور کار آمد شہری کی حیثیت سے معاشرے میں ان کے کردار کی تعریف کی، یہ بچے اشاروں کی زبان میں کچن سے کیش کاونٹر تک فرائض انجام دے رہے ہیں، صدر نے خصوصی بچوں کے ساتھ شفقت اور محبت کا اظہار کیا، اس موقع پر ان خصوصی بچوں نے اشاروں کی زبان میں قومی ترانہ پیش کیاصدر مملکت نے فاسٹ فوڈ چین کی انتظامیہ کے خصوصی بچوں کو ملازمت فراہم کرنے کے جذبے کو بھی سراہا۔