لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سکواش فیڈریشن نے 14 سال بعد خیبرپختونخوا کو بین الاقوامی سکواش مقابلوں کی میزبانی دے دی اور رواں ماہ کے آخر میں مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے میڈیا کو بتایا کہ مصر، انگلینڈ، ہانگ کانگ، کینیڈا اور دوسری ٹیموں نے پشاور میں کھیلنے پر اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے اور بین الاقوامی مقابلوں کے شیڈول کے لئے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو خط لکھ دیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مقابلے 15 سے 25 ہزارڈالر انعامی رقم کے عوض کرائے جائیں گے ۔سکواش کے فروغ کے لئے نامزد وزیراعظم عمران خان سے بھی ملنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بہت جلد سابق عالمی چیمپئینز کے ہمراہ عمران خان سے ملاقات کریں گے ۔قمر زمان نے کہاکہ خیبرپختونخوا کو پشاور میں خواتین کے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی بھی دی جارہی ہے تاہم بین الاقوامی مقابلوں کے لئے سپانسر شپ کی ضرورت ہے ۔اس سلسلے میں حکومت کو بھی تعاون کرنا ہوگا۔