لاہور،گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر،بیورو رپورٹ ) تحریک لبیک یا رسول اﷲﷺ و تحریک لبیک اسلام کے ٹکٹ ہولڈرز اور مجلس شوریٰ کا مشترکہ اجلاس مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں منعقد کیا گیا ۔ جس میں الیکشن کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اورغور خوض کے بعد مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔تحریک لبیک یا رسول اﷲﷺ و تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا دھاندلی زدہ انتخابات سے ہمارا راستہ روکنے والے بالآخر ناکام ہوں گے ان شاء اﷲ تحریک لبیک اسلام ضمنی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی۔کارکن ابھی سے بلدیاتی الیکشن کی تیاری شروع کردیں ہارس ٹریڈینگ کے ذریعے بننے والی حکومت استحکام نہیں لا سکے گی۔عمران خان نے کل کچھ اصولوں کی وجہ سے جن لوگوں کو ٹھکرایا تھا آج حکومت بنانے کے چکر میں انہی سے تعاون کی بھیک مانگ کر خود ہی اپنے اصولوں کو دفن کر دیا ہے دوسری طرف مجلس عمل ن لیگ اور پیپلز پارٹی جیسی جماعتوں کے غیر فطری اپوزیشن اتحاد میں قوم کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ یہ لوگ ان لوگوں کا سوائے مفادات کے کوئی نظریہ نہیں ہے ۔ اجلاس میں مفتی عابد جلالی ،مفتی مختار علی رضوی،صاحبزادہ محمد ذکاء اﷲ رضوی،صاحبزادہ محمد امین اﷲ نبیل سیالوی،ڈاکٹر محمد اسلم جلالی،صاحبزادہ محمد حامد رضا گوندل،مفتی محمد زمان جلالی،صاحبزادہ مرتضی علی ہاشمی،ڈاکٹر آصف علی جلالی،علامہ فیض سلطان رضوی و دیگر نے شرکت کی۔