لاہور(کلچرل رپورٹر)شہادت خدا سے عشق کمال کا نام ہے ،یہیں سے انسانی فطرت قوت و تیش پاتی ہے ،حق کی راہ میں عزم کا حصول شہادت حسینؓ کے مرہون منت ہے ،شہادت حسینؓ ہی انسانیت کا حال تاباں و درخشدہ اور مستقبل روشن و پر امید رکھے ہوئے ہے ، ان خیالات کا اظہار روحانی و مذہبی سکالر ڈاکٹر طارق شریف پیر ذادہ نے الحمراء آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گوشۂ گیان کی 17نشست میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ انسان کا اپنی انا کی قربانی دینا بھی شہادت کا درجہ رکھتا ہے ،خداسے عشق وقت کی اہم ضرورت ہے جو انسان کو ’’بندہ مولا صفات‘‘ کے مرتبے پر فائز کر دیتا ہے ۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر)عطاء محمدخان نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے قید وپابند و سلاسل کے زمانے میں تصور حسینؓ نے میرے عزم کو بلند رکھا،مجھے اپنے غازی ہونے پر فخر ہے ،شہادت کی آرزو ہے ،ملک و وقو م کی ترقی و خوشحالی کے لئے جدو جہد کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے ہر فرد کو اپنی ذات میں انھیں صفات کو پروان چڑھانا چاہئے جس کی اسلام نے تلقین و ترغیب دی ہے ۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری ،نیاز حسین لکھویرا کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس روحانی محفل سے فیض حاصل کیا۔