لاہور(سپورٹس ڈیسک)ٹیسٹ سپنر عبدالرحمان نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیاتاہم وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے محکمے حبیب بینک کی طرف سے بدستورکھیلتے رہیں گے ۔ ٹیسٹ سپنرعبدالرحمن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے پی سی بی حکام کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن ہر کرکٹر کو کرنا ہوتا ہے ، چار سال سے ٹیم سے باہر تھا، اب واپسی کا بھی کوئی چانس نہیں لگ رہا تھا جس پر مناسب یہی سمجھا کہ باقاعدہ طورپریہ اعلان کردوں۔ اب سارافوکس فرسٹ کلاس کرکٹ اور لیگ کرکٹ پر مرکوز کروں گا۔اپنے والدین اور اہلیہ کے بعد شاہد آفریدی اور مصباح الحق کا بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور بھر پورسپورٹ کیا۔ پاکستان کی نمائندگی پر فخر ہے ، ملک نے بہت عزت اور نام دیا۔ انہوں نے ساتھی کرکٹرز کا بھی شکریہ ادارکیا اور کہا کہ سعید اجمل کے ساتھ بہت اچھا ساتھ رہا۔ خواہش تھی کہ ایک ٹیسٹ اور کھیلنے کا موقع ملتا تو وکٹوں کی سنچری ضرور بنانے میں کامیاب رہتا لیکن قسمت میں ایسا نہیں تھا۔