لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ انگلینڈ کیلئے پی سی بی نے ایک مزیدقدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بریفنگ دی ہے ، کھلاڑیوں کی صحت کواولین ترجیح بنانے کی یقین دہانی جبکہ کھلاڑی دورہ انگلینڈ پر اپنی مرضی سے انکار بھی کر سکیں گے ۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کھلاڑیوں کو بریف کیا، پی سی بی میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹر سہیل سلیم اور مصباح الحق کی بھی بریفنگ میں شریک تھے ۔ کھلاڑیوں کو پی سی بی اور ای سی بی کے درمیان ٹیلی کانفرنس کے تناظر میں بریف کیا گیا۔پی سی بی کی کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی کہ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچوں کے لئے 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ لے کر جانے کا منصوبہ ہے ،25 کھلاڑی جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانہ ہوں گے ، جو دورے کے اختتام تک وہاں موجود رہیں گے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گائیڈلائنز کے مطابق جون کے اوائل میں لاہور میں ٹریننگ سیشنز کے انعقاد کی منصوبہ بندی کررہے ۔ اس سلسلہ میں ڈاکٹر سہیل سلیم، مصباح الحق اور وقار یونس حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کھلاڑیوں کے لیے ٹریننگ سیشنز ترتیب دیں گے ۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خاننے بتایا کہ بظاہر آئندہ 3 ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا،تاہم کھلاڑیوں کے پاس دورے سے دستبرداری کی آپشن موجود ہوگی۔