اسلام آباد(نامہ نگار،صباح نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف پیراں غائب رینٹل پاور ریفرنس میں بھی بری ہوگئے ۔ گزشتہ روزاحتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا۔ پیراں غائب ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8ملزم نامزد تھے ۔ دیگر ملزموں سابق مشیر خزانہ شوکت ترین، اسماعیل قریشی ،شاہدرفیع، طاہر بشارت چیمہ، سلیم عارف، چودھری عبدالقدیر اور اقبال علی شاہ کو بھی بری کر دیا گیا ۔پیراں غائب ریفرنس نیب راولپنڈی کی جانب سے 2014میں دائر کیا گیا تھا۔ 192میگا واٹ کا رینٹل پاور پلانٹ ملتان کے علاقے پیراں غائب میں لگایا گیا تھا۔پرویز اشرف پر بطور وزیر پانی و بجلی کرپشن اور اختیارات کے غیر قانونی استعمال کا الزام تھا۔ راجہ پرویز اشرف کو سہووال ریفرنس میں بھی گزشتہ ہفتے بری کردیا گیا تھا۔نیب اعلامیہ میں کہا گیا کہ راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزموں کی بریت کو چیلنج کرینگے ۔ پرویز اشرف سمیت تمام ملزموں کیخلاف شواہد موجود ہیں،انکی بریت کا حکم کالعدم قرار دیا جائے ۔