راولپنڈی (نامہ نگار خصوصی)تھانہ روات کے علاقے میں کم سن گھریلو ملازمہ جنسی اورجسمانی تشدد سے شدیدزخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی ، پولیس کو نجی ہسپتال انتظامیہ نے اطلاع دی کہ ایک کم سن بچی شدید تشددسے زخمی ہو ئی جس کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور اس کا علاج جاری ہے ، جس پر ایس ایچ او روات کاشف پولیس نفری کے ہمراہ ہسپتال پہنچے اور شدید زخمی 8 سالہ بچی زہرہ کے کوائف اورحالت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔مقدمہ کے مطابق گھر کے مالک نے قیمتی طوطے اڑ جانے پر اپنی اہلیہ کے ساتھ ملکر بچی پر تشدد کیا جس سے اس کے جسم سے خون رسنا شروع ہو گیا اور وہ بے ہو ش ہو گئی ۔پولیس کے مطابق بچی نے یہ بات ہسپتال لانے والے عملہ کو بتائی تھی ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا لیکن بچی کچھ گھنٹے زندہ رہنے کے بعد جاں بحق ہو گئی ، ملزمان کے خلاف زیادتی اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں قتل کی دفعات کا اضافہ کیا گیا ، بعدازاں پولیس نے گزشتہ شام ایف آئی آر میں نامزد ملزمان حسن صدیقی اور اس کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا۔