لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کا خواب عملی تعبیر میں بدل رہا ہے ۔راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابق حکومت ماضی میں نمائشی منصوبوں پر توجہ دیتی رہی۔7 برس قبل اس منصوبے کا پلان پیش کیا گیا مگرماضی کے حکمران اس کوشروع نہ کرسکے کیونکہ انکی ترجیحات میں عوام کی حقیقی تبدیلی لانے والے منصوبے شامل ہی نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج لاہور کی پہچان بننے والا دریائے راوی گندے نالے میں بدل چکا ہے لیکن کسی کو اس کی فکر نہیں ۔لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی آ گئی ہے ۔ہم دریائے راوی کی گزر گاہ میں 46کلو میٹر جھیل بنائیں گے ۔ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مستقبل کے نئے منصوبہ سازوں کیلئے کئی دہائیوں تک ایک مثال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے حوالے سے با اختیار اتھارٹی قائم کر دی گئی ہے اور یہ اتھارٹی اپنے رولز اور ریگولیشن خود بنائے گی۔ کوئی اس اتھارٹی میں مداخلت نہیں کر سکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگلے تین برس اس منصوبے پر تیزی سے کام کریں گے اور ایک نیاشہر آباد ہو گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بہاولپور اورملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دے دی ہے ۔پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دونوں سیکرٹریٹ کے ماڈل تیار کیے ہیں ۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب بہاولپور اورسول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب ملتان کو جدید ترین طرز پر تعمیر کیا جائیگا۔جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورسیاسی صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے ملاقات کی۔ ہاشم جواں بخت نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو محکمہ خزانہ کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔صوبائی سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محکمہ خزانہ کی دو سالہ کارکردگی کو سراہا۔