لاہور،اسلام آباد، کراچی، پشاور،ریاض، واشنگٹن، لندن،ماسکو( سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک ، خبر نگار،شاہد گھمن سے ، صباح نیوز،) دنیا کے بیشترممالک میں منگل کو عید الاضحی پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، پاکستان میں آج منائی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک، امریکہ ،برطانیہ ، جاپان، افریقہ ، ملائشیا، انڈونیشیا ،برونائی دار السلام، ترکی اور چین میں بھی منگل کے روز عید الاضحیٰ منائی گئی ہے ۔خیبر پختونخوا میں مقیم افغان مہاجرین نے گزشتہ روز عید الاضحیٰ منائی،عید الاضحیٰ کی نماز کا بڑا اجتماع پشاور کے بورڈ بازارمیں منعقد ہوا ،افغان مہاجرین نے نماز عید کے بعدسنت ابراہیمی ادا کی، پاکستان میں بوہری برادری نے بھی منگل کو عیدالاضحٰی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی ،نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع کراچی کے صدر بوہری بازار میں واقع طاہری مسجد میں ہوا۔سعودی عرب میں عید کا بڑا اجتماع مسجد نبوی ﷺ میں ہوا جہاں حاجیوں سمیت لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی ،چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق ، سینئر سفارت کاروں ، عہدیداروں ، تاجروں ، اساتذہ اور طلبا نے پاکستانی سفارتخانے کی مسجد میں نماز عید ادا کی۔یورپی ملک یونان کی تاریخ میں اس سال عید الاضحیٰ کے موقع پر پہلی دفعہ عید کی نماز میں خواتین نے شرکت کی ہے ۔ مسلمانوں نے ایس او پیز کے تحت قربانی کا فریضہ انجام دیا ۔ روس میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئی۔ کورونا وائرس کے باعث اس بار بھی ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ کی مساجد میں عید الاضحیٰ کے موقع پر عوامی اجتماعات پر پابندی تھی۔ تاہم ماسکو کی مرکزی مسجد کیتھیڈرل میں ایس او پیز کے تحت صرف چند افراد نے نماز ادا کی۔ اس کے علاؤہ روس کی مسلم ریاست تاتارستان کے دارالحکومت کازان کی مسجد قل شریف، آستراخان، داغستان اور دیگر شہروں میں عیدالاضحیٰ کی باجماعت نماز ادا کی گئی۔ عید الاضحیٰ کے اس پر مسرت موقع پرروسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے صدارتی ویب سائٹ پر مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور مبارکباد کا پیغام جاری کیا گیا۔سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد دیتے ہوئے اس امر پر اﷲ کا شکر ادا کیا ہے کہ کورونا کے اثرات میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ امریکی صدر نے عید پر مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس تہوار کے موقع پر مسلم برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔عید الاضحی ٰکے موقع پرکورونا وبا کے خاتمے اورامت مسلمہ کی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پاکستان، بھارت سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں عید الاضحیٰ آج پورے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی ۔نماز عید الاضحیٰ ادا کرنے کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کریں گے ۔