اسلام آباد(نامہ نگار) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے تمام ممکنہ فورمز کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔وہ گزشتہ روز اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ’’رن فارکشمیر‘‘ کے نام سے ٹیلی میراتھون ایپلیکیشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین شہریار آفریدی اور معاون خصوصی نیشنل سکیورٹی معید یوسف نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں۔’’ رن فارکشمیر‘‘ ٹیلی میراتھون کو کامیاب بنانے اور اس میں زیادہ سے زیادہ عوام کی شرکت کوممکن بنانے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر اُمور کشمیر نے کہا’’ رن فارکشمیر‘‘ ایپلیکیشن کو 15 اگست کو دُنیا بھر کے علاوہ پاکستان کے تمام ڈویژ نل ہیڈ کوارٹرز میں لانچ کیا جائے گااور اس ضمن میں تمام تر انتظامات کو مکمل کیا جار ہا ہے ،ایپلیکیشن کی مدد سے دُنیا بھر سے عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور اُن کے حقوق کو اُجاگر کرنے کے لیے ٹیلی میراتھون میں شرکت کرسکیں گے ۔شہر یار آفریدی نے کہا کہ اس ٹیلی میراتھون میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ معید یوسف نے کہاکہ اس سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی حاصل ہو گی۔