ماسکو( آن لائن )عالمی بینک نے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران روس کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 1.2 فیصد جبکہ آئندہ سال 1.8 فیصد رہنے کی توقع ہے ۔ ورلڈ بینک کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق روس کی موجودہ شرح ترقی کے اعتبار سے اس کی 2019-21 کے دوران شرح نمو 1.2 فیصد سے 1.8 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے ۔2019 کے دوران روس کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 1.2 فیصد رہنے کا اندازہ ہے ، تیل کی پیداوار میں مسلسل کمی اور خراب خارجی صورتحال کے باعث برآمدات میں کمی بھی جی ڈی پی کی شرح نمو میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔ بینک کا کہنا ہے کہ اگر اقتصادی شرح نمو کی صورتحال برقرار رہی تو 2020 اور 2021 میں روس کی اقتصادی شرح نمو بڑھ کر 1.8 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔