کراچی( کامرس رپورٹر )رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے ساتھ اپریل کے مہینے میں مقامی طور پر تیار ہونے والی گاڑیوں کی فروخت میں مجموعی طور پر کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ پاکستان آٹوموٹو مینوفکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کی جانب سے جاری حالیہ اعداد و شمار کے مطابق سوزوکی مہران اور بولان کی فروخت میں کمی، مختلف چیزوں کی قیمتوں میں اضافے ، زائد شرح سود اور بڑھتی ہوئی پیٹرول کی قیمتوں کے باعث مجموعی طور پر مقامی طور پر تیار کردہ گاڑیوں کی فروخت میں کمی ہوئی۔اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اپریل میں گاڑیوں کی فروخت مارچ کے 19 ہزار 877 یونٹس کے مقابلے میں 17 ہزار 76 یونٹ تک محدود رہی جبکہ رواں مالی سال کے 10 ماہ کے دوران یہ ایک لاکھ 82 ہزار 911 یونٹس کے مقابلے میں ایک لاکھ 77 ہزار 435 پر ختم ہوئی۔