لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ،نیٹ نیوز) نیب لاہور نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سمیت متعدد افراد کو بلیک میل کرنے والے گروہ کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا۔630 صفحات پر مشتمل ریفرنس میں فاروق نول اور طیبہ گل کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔ریفرنس کے متن میں کہا گیا ہے کہ طیبہ گل اور فاروق نول کے خلاف نیب کو 6 شکایات موصول ہوئیں، ملزمان نے سادہ لوح شہریوں سے 2 کروڑ 44 لاکھ 50 ہزار روپے کا فراڈ کیا، ملزمان کیخلاف 36 گواہان نے نیب کو بیانات قلمبند کرائے ۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے ملزمان اور تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرکے 17 جون کوطلب کرلیا۔