اسلام آباد(صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ٹرین حادثات کے ذمہ دار وزیر ریلوے ہیں، شیخ رشید کے خلاف انکوائری ہونی چاہئے ، وزیر ریلوے انکوائری ہونے تک مستعفی ہو جائیں۔ بلاول بھٹو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹرین حادثے کی خبر سن کر انتہائی صدمہ ہوا، متاثرہ خاندانوں کیلئے یہ قیامت کی گھڑی ہے ، ٹرین حادثے معمول بنتے جا رہے ہیں، وزیر ریلوے شیخ رشید کچھ نہیں کر پا رہے ، ریلوے کے وزیر بظاہر حادثوں کے مکمل ذمہ دار ہیں، مستعفی ہونے کی مثالیں دینے والے عمران خان اپنے وزیر سے استعفی مانگیں گے ؟ شیخ رشید کا وزارت سے رومانس ٹرین حادثوں میں نجانے کتنی زندگیاں نگلتا چلا جائے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا مشرف کے دور میں بھی شیخ رشید نے ریلوے کا محکمہ تباہ کیا، جس کا خمیازہ جمہوری حکومتوں کو بھگتنا پڑا، عمران خان نے بڑے فخر سے شیخ رشید کو ریلوے کی وزارت دی، آج خان صاحب کا یہ فیصلہ بھی غلط نکلا۔