اسلام آباد(اظہر جتوئی) تحریک انصاف حکومت نے سابق مسلم لیگ ن حکومت کی نسبت رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 60 فیصد کم بیرونی قرضہ لیا،ذرائع کے مطابق مالی سال 2017-18 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اسوقت کی مسلم لیگ ن کی حکومت نے 5 ارب 90 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرض لیا تھاجبکہ موجودہ حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض لیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے جولائی سے دسمبر کے دوران چین سے 83 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قرض لیا ۔ کمرشل بینکوں سے 6 ماہ میں 50 کروڑ ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 33 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک سے 27 کروڑ 20 لاکھ ڈالر قرض لیاگیا۔ اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) جنوری 2019 میں برآمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔،ملکی تجارتی خسارے اور درآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ برآمدات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ مالی سال 19-2018 کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 19 ارب 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے ۔پہلے 7 ماہ میں درآمدات کا حجم 32 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا اور گزشتہ سال کے مقابلے میں درآمدات میں 5 اعشاریہ 17 فیصد کمی ہوئی۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ جنوری 2019 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا اور جنوری 2018 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ میں تجارتی خسارہ 31 اعشاریہ 74 فیصد کم ہوا۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جنوری میں برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں جب کہ گزشتہ ایک ماہ میں درآمدات 4 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں جس میں جنوری 2018 کے مقابلے میں 19 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ادارہ شماریات کے مطابق جنوری 2019 میں برآمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔