اسلام آباد(نامہ نگار)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کی منظوری دے دی ہے ۔ذرائع نے بتایا مولانا فضل الرحمٰن پر چیئرمین کشمیر کمیٹی کی حیثیت سے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ،نیب مولانا فضل الرحمن کے اثاثوں کی چھان بین کرے گا۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق نیب نے مولانا فضل الرحمان کے اثاثوں سے متعلق ابتدائی تفصیلات جمع کر لی ہیں اورکیس نیب خیبرپختونخوا کے سپرد کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا مولانا فضل الرحمان کے اثاثوں سے متعلق نیب کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں۔