لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصفزرداری سے ملاقات کے لئے قمر زمان کائرہ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض مستردکرکے درخواست سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے قمر زمان کائرہ کی درخواست پر اعتراض کے خلاف سماعت کی، قمر زمان کائرہ نے کہا آصف زرداری بیمار ہیں، ان سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں لیکن انتظامیہ اجازت نہیں دے رہی، رجسٹرار آفس نے درخواست پرنسپل نشست پر مقرر کرنے پر بلاجواز اعتراض لگایا۔ادھر سیکرٹری مواصلات تعمیرات طاہر خورشید کیخلاف کرپشن کا مقدمہ درج کرنے کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ شہری رحیم بخش نے درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب اور دیگر کو فریق بناکر موقف اختیار کیاکہ سیکرٹری مواصلات کو کرپشن کی شکایات پر کمشنر ڈی جی خان کے عہدے سے ٹرانسفر کیا گیا ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیخلاف ڈی جی اینٹی کرپشن کو درخواست دے رکھی ہے مگر داد رسی نہیں کی جارہی، ڈی جی اینٹی کرپشن کو سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیخلاف درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے ۔