اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،نامہ نگارخصوصی) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواستیں مسترد ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہاگیا ہے کہ ٹرائل کے دوران نئے شواہد پیش کرنے کے لئے ضمنی ریفرنس کے علاوہ کوئی دوسرا طریقہ نہیں، نیب آرڈیننس یا کسی بھی اور قانون میں ضمنی ریفرنس پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ، نئے شواہد سامنے آنے پر چئیرمین نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس دائر کیا جا سکتا ہے ، آصف علی زرداری کے اعتراضات میرٹ پر پورے نہیں اترتے ۔احتساب عدالت لاہورکے جج امجد نذیر چودھری آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29 ستمبر تک توسیع کر دی، وکلاء کی ہڑتال کے باعث گواہ کا بیان قلمبند نہ کیا جا سکا، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک محمد اویس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 9 روز توسیع کر دی۔احتساب عدالت کراچی نے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں سابق پرنسپل آپریزر کسٹمز اخلاق احمد کو 5 سال بعد باعزت بری کردیا۔