اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست پرسماعت جج محمد ارشد ملک کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے نہ ہوسکی۔ فاروق نائیک نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت سابق صدر کے پروڈکشن آڈر جاری کرے ،میرے موکل کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواستیں زیر سماعت ہیں جس میں انہیں ذاتی طور پر پیش ہونا ہے ۔عدالتی عملے نے فاروق نائیک کوآج دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں تفتیشی افسر کا بیان قلم بند نہ ہو سکا،عدالت نے تفتیشی افسر کو ریفرنس دائر کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی مصدقہ کاپی لانے کا حکم دیدیا،ریفرنس پر آئندہ سماعت 19 جون کو ہو گی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشدملک کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث نندی پورپراجیکٹ میں تاخیرسے سرکاری خزانے کونقصان کے ریفرنس میں شریک ملزمہ شمائلہ محمودکی درخواست بریت پر سماعت تین جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کار کے رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں لئیق احمد اور شیر علی ملک کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 جون تک توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو طلب کرتے ہوئے کہا بتائیں کب تک ضمنی ریفرنس دائر کریں گے ۔