اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کل بدھ سے ٹرینیں چلیں گی ، وزیراعظم نے منظوری دیدی ہے ،بڑی مشکل سے غریب کی سواری کو اجازت ملی ، لوگوں نے پہلے ہی آن لائن بکنگ کرا لی ، ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ، شہری کسی مسافر کو چھوڑنے یالینے نہیں آئیں گے ، ٹرین میں سفر کرنے کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ، ہم آدھی سواری لے کر جارہے ہیں اور کرائے میں کوئی اضافہ نہیں کیا۔اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ابھی فیصلہ 15 اپ اور 15 ڈائون ٹرینوں کا ملا، مسافر ماسک لگا کرآئیں گے ۔ بغیربکنگ اور ٹکٹ کے کوئی آدمی سٹیشن پر نہیں آسکتا ۔ 20 مئی سے 31 مئی تک نیاٹائم ٹیبل جاری کیا تاکہ لوگ ایک گھنٹہ پہلے آکر اپنی ٹرین میں بیٹھ جائیں، سپریم کورٹ کو سلام ہے ۔چلائی گئی ریل گاڑیوں میں خیبر میل ، عوام ایکسپریس،جعفر ایکسپریس، تیزگام، گرین لائن، پاکستان ایکسپریس ، پاک بزنس، قراقرم ایکسپریس ، شاہ حسین ، ملت ایکسپریس،سکھر ایکسپریس ودیگر شامل ہیں۔ شیخ رشید نے کہاکہ کسی صوبے کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ، چاروں صوبوں کا مشکور ہوں۔ ریلوے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے ،سٹیشن کے باہر صوبائی انتظامیہ کی مدد چاہیے ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کسی علاقے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی توڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آفیسر کیخلاف کارروائی ہوگی ۔ اﷲ نے بہتری کی تو یکم جون کو تمام 142 ٹرینیں کھول دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے کہوں گا کہ ہمارے انتظامات کو ٹھیک رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کیخلاف کوئی سازش نہیں ہورہی ،ان سے پوچھا جائے جو سازش کیلئے آئے تھے اور ان کا نام بلیک لسٹ میں آگیا اور جلد ہی ای سی ایل میں بھی آجائے گا ۔ پھر وہ روئیں گے کہ کہاں گئے وہ دن ۔ادھر ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق ریلوے کے 20 مئی سے 30 ٹرینوں پر مشتمل آپریشن کی آن لائن ٹکٹ بکنگ شروع ہوگئی ہے ۔ مسافروں نے لاک ڈائون سے قبل بکنگ کرائی تھی وہ ترجیحی بنیادوں پر اپنی مرضی کی کسی بھی ٹرین میں سفر کر سکیں گے بصورت دیگر ان کی مکمل رقم ری فنڈ کر دی جائے گی۔